’سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی‘

سری دیویتصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption سری دیوی نے فلموں میں ایک طویل اننگز کھیلی اور ‘مام’ ان کی 300 ویں فلم تھی

دبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ 54 سالہ انڈین اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے۔

دبئی پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹل کے غسل خانے میں بےہوش ہونے کے بعد باتھ ٹب میں موجود پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 1980 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی سری دیوی سنیچر کی شب دبئی میں ایک شادی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں۔

سری دیوی کی ہلاکت کے حوالے سے فورینزک رپورٹ دبئی پولیس نے جاری کی ہے اور یہ رپورٹ ان کے لواحقین اور انڈین قونصل خانے کو فراہم کی گئی ہے۔

خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق اس رپورٹ کا مطلب سری دیوی کی لاش کی انڈیا منتقلی میں تاخیر بھی ہو سکتا ہے جو کہ پیر کو واپس بھیجی جانی تھی۔

سری دیوی کے بارے میں مزید پڑھیے

ایسا پہلے بھی ہوا ہے

سری دیوی بالی وڈ کو غمزدہ کر گئیں

16 واں ساون سے مام تک

سری دیوی فلموں کی کم بیک کوئن

‘سری دیوی کے گیت پر رقص کرنا خودکشی کے برابر’

خیال رہے کہ سری دیوی کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی ہے جس میں ٹاکساکولوجی کے تجزیوں کے نتائج شامل ہوں گے۔

اسی رپورٹ سے واضح ہو سکے گا کہ دل کے دورے سے ہلاکت اور حادثاتی طور پر ڈوبنے کی رپورٹ کا آپسی تعلق کیا ہے۔

سری دیوی 13 اگست سنہ 1963 کو تمل ناڈو میں پیدا ہوئی تھیں اور سنہ 1978 میں انھوں نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’سولہواں ساون‘ سے کیا تھا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ‘مام’ ان کی 300 ویں فلم تھی۔

ان کی مشہور ترین فلموں میں ’چاندنی‘، ’لمحے‘، ’مسٹر انڈیا‘، ’خدا گواہ‘ ’صدمہ‘ اور ’نگینہ‘ شامل ہیں۔

انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ جنوبی ہند میں تمل، تیلیگو، ملیالم، اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔

سری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے سنہ 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی کپور ہیں۔

سری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدماشری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔

انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔

This post is shared by PakPattani.com For Information Purpose Only

اپنا تبصرہ بھیجیں