گاڑی سے حادثاتی ٹکر،امریکی سفارت کار کو رہا کردیا گیا

اسلام آباد میں دو موٹر سائیکل سواروں کو حادثاتی طور پر ٹکر مارنے والے امریکی سفارت کار کو رہا کردیا گیا ہے۔ سفارت کار چیڈ ریکس آسبرن کو تھانا سیکریٹریٹ سے رہا کیا گیا۔

گزشتہ روز امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد سفارت کار کو گاڑی سمیت تھانا سیکریٹریٹ منتقل کیا گیا تھا۔

وفاقی دالرحکومت کی شاہراہ دستور پر گزشتہ رات ساڑھے نو بجے کے قریب سیکریٹریٹ چوک کے قریب حادثہ اس وقت پیش آیا، جب امریکی سفارت کار کی جیپ جس کا نمبر کیو این 734 تھا نے موٹر سائیکل اے آر ایم 935 پر سوار دو افراد کو حادثاتی طور پر ٹکر مار دی۔

گاڑی امریکی سفارت خانے کا سیکنڈ سیکریٹری چاڈ ریکس چلا رہا تھا، جب کہ حادثے میں زخمی نوجوان نزاکت اسلم کو سر پر اور دوسرے محمد وسیم کو اندورنی چوٹ آئی، جسے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نزاکت گڑھی دوپٹہ آزاد کشمیر کا رہائشی اور موتمر عالم اسلامی میں ملازم ہے۔

ترجمان پمز اسپتال کے مطابق دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی جس کے بعد زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نجیب الرحمان نے بتایا کہ واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس سے بھی معاونت لے رہے ہیں اور ذمہ دار وں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ وزات خارجہ کو واقعہ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے اور جب تک وزارت خارجہ ڈرائیور کی بطور سفارتی اہلکار تحریری تصدیق نہیں کرے گی تب تک اسے رہا نہیں کیا جائے گا تاہم بعد میں اسے رہا کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ امریکی سفارت کار کی گاڑی سے ٹکر کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد کے ایف ایٹ علاقے میں بھی امریکی ملٹری اتاثی کی گاڑی کی حادثاتی طور پر ٹکر لگنے سے نوجوان جاں بحق، جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

This post is shared by PakPattani.com For Information Purpose Only

اپنا تبصرہ بھیجیں